کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں نامعلوم مسلح افراد نے ماربل فیکٹری پر حملہ کرکے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا جبکہ فائرنگ سے ایک مزدور زخمی ہوگیا۔ حملہ آور فیکٹری سے دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی لے گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ خضدار شہر سے تقریباً 35 سے 40 کلومیٹر دور بیسار پہاڑی کے قریب پیش آیا جہاں نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو اور ان کے بیٹے شاہ میر بزنجو کی ماربل فیکٹری واقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق درجنوں مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فیکٹری میں داخل ہوئے اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مزدور راشد کو ٹانگ میں گولی لگی۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمی مزدور کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق اغوا کیے گئے مزدوروں کا تعلق خضدار کے مختلف علاقوں سے ہے۔ تاحال کسی مسلح گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
یہ واقعہ مستونگ میں ایک مسافر وین سے رخشان ڈویژن کے 20 پولیس اہلکاروں کے اغوا کے ایک روز بعد پیش آیا ہے جس سے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











