شہزادی ڈیانا کی زندگی پر خفیہ فلم، میگھن مارکل کو اہم کردار دینے پر غور

لندن:شہزادی ڈیانا کی زندگی پر ایک مبینہ خفیہ فلمی منصوبے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس میں شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کو اہم کردار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میگھن مارکل کی ممکنہ شمولیت محض اداکاری تک محدود نہیں ہوگی بلکہ انہیں ڈیانا کی زندگی اور کہانی کی راوی کے طور پر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری چاہتے ہیں کہ میگھن فلم میں ڈیانا کی زندگی کے واقعات کو اپنی آواز کے ذریعے ناظرین تک پہنچائیں۔ ہیری خود بھی فلم میں اپنی والدہ کے بیٹے کے طور پر دکھائی دے سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مبینہ منصوبہ شہزادہ ہیری کے حالیہ برطانیہ قیام کے دوران زیرِ غور آیا۔ وہ اہلیہ میگھن مارکل اور اپنے بچوں شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ برطانیہ واپس آئے تھے۔

شہزادی ڈیانا 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے کے نتیجے میں انتقال کر گئی تھیں۔ شاہی خاندان سے تعلق اور غیر معمولی عوامی مقبولیت کے باعث ان کی زندگی آج بھی دنیا بھر میں دلچسپی کا موضوع ہے۔

تاہم میگھن مارکل کی شمولیت یا فلمی منصوبے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں