ڈھاکہ۔بنگالی اداکارہ رت بھری چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ وزن بڑھنے کے بعد انہیں کئی فلمی کرداروں سے محروم ہونا پڑا جبکہ ایک کردار کے لیے انہیں 15 کلو وزن بھی بڑھانا پڑا۔
این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں رت بھری نے بتایا کہ سرجریز اور ادویات کے باعث ان کا وزن بڑھا اور اس پر سوشل میڈیا کے ایک طبقے نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اداکارہ کے مطابق فلمی صنعت میں خواتین کے جسمانی خدوخال کو بہت اہمیت دی جاتی ہے اور مردوں کی جانب سے دبلی خواتین کو ترجیح دینے کے باعث انہیں کئی کرداروں سے ہاتھ دھونا پڑا۔
رت بھری نے بتایا کہ کیریئر کے ابتدائی دور میں وہ وزن کم رکھنے کے لیے سخت ڈائٹنگ کرتی تھیں۔ وہ کبھی 10 دن تک کاربوہائیڈریٹس سے مکمل پرہیز کرتی رہیں جبکہ شوٹنگ سے قبل بہتر نظر آنے کے لیے پانی پینا بھی چھوڑ دیتی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق مسلسل سرجریز اور کئی ماہ بستر پر رہنے کے بعد انہوں نے اپنی طرز زندگی تبدیل کی اور اب خود کو متحرک رکھنے کے لیے گھر اور چھت پر چہل قدمی کرتی ہیں۔
رت بھری نے 2024 میں اپنا خوابوں کا گھر خریدا تھا اور بعدازاں وزن کم کرنے کے لیے ماہر غذائیت کی مدد بھی حاصل کی۔
رت بھری چکرورتی نے ٹی وی شو ’اوگو بودھو سندوری‘ سے شہرت حاصل کی اور بعد میں ’فٹافٹی‘ ’بہورپی‘ اور ’برہما جانے گوپون کوموتی‘ سمیت کئی بنگالی فلموں میں کام کیا۔ وہ 2017 میں انوشکا شرما کی فلم ’پری‘ میں بھی اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔











