کراچی:وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے قائم نہیں کیے جا سکتے بلکہ نئے صوبوں کا قیام آئین کے مطابق ہی ممکن ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو وضاحت دی ہے کہ محسن نقوی کے خلاف کوئی ذاتی بات نہیں کی۔ ان کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں بلکہ 20 سے 22 سال پرانا تعلق ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف بات کرنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ شکر ہے رانا ثناء اللہ نے تسلیم کرلیا کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بن سکتے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے چند روز قبل کہا تھا کہ ایک وزیر ان پر تبصرے کرکے ٹی وی پر آنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جس دن انہوں نے اس وزیر کے خلاف بات کی تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ کیا محسن نقوی قائداعظم ہیں کہ وہ تین سال سے ان کی ذات پر تبصرے کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر بات کی ہے اور نہ آئندہ کریں گے۔











