لندن۔پاکستانی شوبز کی معروف اور سینئر اداکارہ میرا نے برطانوی حکام سے ویزا جاری کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ لندن میں زیر علاج اپنی بہن سے ملاقات کر سکیں، جو کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا ہیں۔
اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ سے درخواست کی کہ وہ ان کی ویزا درخواست پر ہمدردانہ غور کریں۔
اپنے پیغام میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی بہن ان دنوں لندن میں مقیم ہے اور ان کا خاندان بھی وہیں آباد ہے۔ تاہم، ایک پرانی غلط فہمی کے باعث انہیں برسوں سے ویزا حاصل نہیں ہو رہا اور ان کی درخواستیں مسلسل مسترد کی جاتی رہی ہیں۔
میرا نے یہ بھی بتایا کہ اپنی حالیہ ویزا درخواست کے ساتھ انہوں نے اپنی بہن کی بیماری سے متعلق میڈیکل رپورٹس بھی جمع کروا دی ہیں تاکہ ان کے مؤقف کی تائید ہو سکے۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں اداکارہ کی والدہ، شفقت زہرہ، نے انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں برطانوی امیگریشن حکام نے میرا کو انگریزی زبان پر مناسب عبور نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں داخلے سے روک دیا تھا، جس کے نتیجے میں ان پر 10 سالہ پابندی عائد کی گئی تھی۔ اب یہ پابندی ختم ہو چکی ہے۔











