اسلام آباد، : سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے 36 سرکاری ملکیتی اداروں (SOEs) کے خلاف شوکاز کارروائیاں مکمل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 31 لاکھ 75 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے ہیں۔
ایس ای سی پی نے اس سال مارچ میں 41 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو 66 شوکاز نوٹسز جاری کیے تھے۔ کمپنیوں کی جانب سے مقررہ مدت کے اندر سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے اور سالانہ ریٹرنز جمع نہ کرانے، معلومات کی فراہمی تقاضوں (Disclosure Requirements) پر عمل نہ کرنے، اور کارپوریٹ گورننس ریگولیشنز کی دیگر خلاف ورزیاں پر جاری کیے گئے تھے۔ اب تک 58 شوکاز نوٹس میں کارروائی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ پانچ کمپنیوں کو جاری شوکز نوٹس پر پراسیڈنگ ابھی جاری ہے۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کیے گئے 58 فیصلوں میں سے 46 شوکاز نوٹسز پر مالی جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 12 مقدمات میں تنبیہی احکامات جاری کیے گئے۔ سالانہ ریٹرن جمع نہ کرانے پر کم از کم 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ سالانہ ریٹرن اور مالیاتی گوشوارے دونوں جمع نہ کرانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مسلسل اور بار بار قانونی تقاضوں کے مطابق فائلنگ نہ کرنے پر زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مجموعی طور پر 31 لاکھ 75 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
سرکاری ملکیتی اداروں میں شفافیت، اکاوئنیبلٹی اور گورننس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی اصلاحاتی کوششوں کے تحت، ایس ای سی پی سرکاری ملکیتی کمپنیوں میں کمپنیز ایکٹ اور کارپوریٹ گورننس کے تقاضوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
ایس ای سی پی نے شوکاز پراسیڈنگ کے تمام قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو نوٹسز کا جواب دینے اور سماعتوں کے دوران اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے مناسب وقت دیا ۔
شوکاز نوٹسز کے اجرا کے بعد کئی اداروں نے اپنے زیر التوا سالانہ ریٹرنز جمع کرا کے قانونی تقاضوں کی تکمیل بھی کی، تاہم ان کمپنیوں کی جاب سے لیٹ فائلنگ کرنے پر قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے گئے۔ ایس ای سی پی نے سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو سالانہ ریٹرنز اور دیگر قانونی دستاویزات جمع کرانے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایک سہولت ڈیسک بھی قائم کیا ہے۔
ایس او ایز پر جرمانے عائد کیے جانے کے فیصلوں کی نقول متعلقہ اداروں کے پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز اور سنٹرل مانیٹرنگ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئیں ہیں۔
ایس ای سی پی نے تمام سرکاری ملکیتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کارپوریٹ گورننس کی کمپلائنس کو مزید مؤثر بنائیں اور قانونی تقاضوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔











