حکومت کا صوبائی دائرہ اختیار والی 17 وزارتیں ختم کرنے سے انکار

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے صوبائی دائرہ اختیار میں آنے والی 17 وزارتیں ختم کرنے سے متعلق سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی کی ہدایات پر عملدرآمد سے انکار کردیا جس کے باعث وفاقی حکومت اور کمیٹی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے۔

کمیٹی نے تعلیم صحت زراعت ثقافت ماحولیات اور صنعت سمیت مختلف شعبوں سے متعلق وزارتیں ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ یہ شعبے 2010 میں 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کو منتقل کیے جا چکے ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے ایڈیشنل سیکریٹری نے مؤقف اختیار کیا کہ بین الوزارتی مشاورت کے بعد حکومت نے بین الاقوامی ذمہ داریوں اور تعاون کی تکمیل کے لیے ان وزارتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی نے حکومت کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبائی دائرہ اختیار کے شعبوں میں وفاقی وزارتوں کا برقرار رہنا آئینی تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

کمیٹی نے سیکریٹری کابینہ کی مسلسل غیر حاضری پر انہیں طلب کرنے کا عندیہ بھی دیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی وضاحت طلب کرنے پر غور کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں