پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات بہت گہرے، برادرانہ اور جذبات پر مبنی ہیں اور باہمی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے لیے کوئی خطرہ ہوا تو وہ ہمارے لیے بھی خطرہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے پریس کانفرنس کے دوران سوال کیا گیا کہ اگر بھارت کل دوبارہ جارحیت کرتا ہے تو سعودی عرب کی کیا پوزیشن ہوگی کیا سعودی عرب پاکستان کی مدد کرے گا؟
اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بہت گہرے ہیں، کئی جہتیں ہیں، برادرانہ اور جذبانی تعلقات ہیں، اسٹریٹجک میوچل ڈیفنس معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں سے جاری تاریخی اور گہرے تعلقات کا مظہر ہے اور اس کے کئی پہلو ہیں۔











