کوہاٹ: پولیس لائنز میں خودکش حملے کے بعد سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں اور پولیس نے تقریباً 20 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران پولیس لائنز مسجد سمیت اہم عمارات کو کلیئر کرلیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج کے کمانڈوز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو کلیئر کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے انعامات کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
دوسری جانب دھماکے کے مقام سے مزید ایک پولیس اہلکار کی لاش ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئی جس کے بعد شہداء کی تعداد 22 ہوگئی۔











