ڈومنیئن مال فیز 8 بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کا احتجاج کا اعلان

راولپنڈی۔ ڈومنیئن مال فیز 8 بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے متاثرین و سرمایہ کاروں کا صبر جواب دے گیا۔ مال کے ڈیویلپر حشمت اقبال ریئل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز( پرائیویٹ لمیٹڈ ) کیخلاف احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔

ڈومینئن مال اینڈ اپارٹمنٹ کے نام سے2016 میں یہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا۔ جو تین سال بعد 2020 میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسکی لانچنک کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ یہ ملٹی سٹوری منصوبہ جس میں تقریبا” 12 فلور ہونگے جس میں تقریبا” 800 رہائشی اپارٹمنٹ کے علاوہ پہلے 4 فلورز پر ایک بہت بڑا شاپنگ مال ہو گا۔

اس مجوزہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ کے سامنے ایک شاندار مصنوعی جھیل بنانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ جس کی وجہ سے اس منصوبے کو ایک منفرد حیثیت حاصل ہوگی۔

اس حوالے سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ بڑے بڑے بل بورڈز کے ذریعے بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی۔ اور وعدہ کیا گیا کہ 4 سال کی ریکارڈ مدت میں اس منصوبے کو مکمل کر کے اس کا قبضہ الاٹییوں کو دیا جائے گا۔ اور اگر کسی وجہ سے منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر ہوئی تو کمپنی الاٹیوں کو مارکیٹ کیمطابق کرایہ ادا کرنا شروع کردے گی۔

ان سہانے دعووں اور مارکیٹنگ کی چکنی چوپڑی باتوں میں آکر بہت سارے لوگوں نے یونٹ بک کروائے اور اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے اپنی جمع پونجی اس میں لگادی۔ جس میں بہت سارے اوورسیز پاکستانی بھی شامل ہیں۔ لیکن یہ دعوے دعوے ہی رہے اور 10سال کا طویل عرصے گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا۔ اور وعدے پہ وعدہ کیا جارہا ہے تاہم الاٹیوں کو تاحال نہ تو اسکا قبضہ دیا گیا ہے اور نہ ہی وعدے کےمطابق انہیں کرایہ ادا کیا جارہا ہے۔ اور الاٹی اب مایوس ہو کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

آج دن ایک بجے منصوبے کی ساٹٹ پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ متاثرین و سول سوسائٹی کو شرکت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں