نسٹ یونیورسٹی کے سامنے خاتون کی خودکشی کی کوشش ناکام

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی رانا حسن)اسلام آباد میں نسٹ یونیورسٹی کے سامنے سری نگر ہائی وے پر واقع لوہے کے پل کے قریب ایک خاتون نے مبینہ طور پر چلتی ٹریفک کے سامنے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود ایک نوجوان نے فوری مداخلت کرتے ہوئے انہیں روک لیا، جس سے ایک ممکنہ جان لیوا حادثہ ٹل گیا۔

گزشتہ روز واقعے کے وقت روزنامہ آفاق کی ٹیم نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی تقریب سے واپسی پر اسی مقام سے گزر رہی تھی۔ اسی دوران ٹیم نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ایس ایچ او شمس کالونی راشد محمود سے ان کے موبائل نمبر پر رابطہ کیا اور واقعے کی مکمل صورتحال سے آگاہ کیا۔

ایس ایچ او شمس کالونی راشد محمود نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پولیس ٹیم موقع پر روانہ کی اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی ہدایت جاری کی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور ان کے شوہر کو موقع پر تحویل میں لے لیا اور مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کر دیا۔

ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران خاتون اور شوہر کے بیانات میں واضح تضاد سامنے آیا۔ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ شدید گھریلو دباؤ اور ذہنی اذیت کے باعث اس اقدام پر مجبور ہوئیں، جبکہ شوہر نے دعویٰ کیا کہ خاتون نشہ آور انجیکشنز کے استعمال کی عادی ہیں اور نشے کی عدم دستیابی کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔

دونوں بیانات کے تضاد کے باعث پولیس نے معاملے کو صرف گھریلو تنازع کے بجائے ایک حساس سماجی و نفسیاتی کیس کے طور پر مزید تفتیش کے لیے آگے بڑھا دیا۔

اسلام آباد پولیس کے جدید آپریشنل نظام کے تحت آئی جی اسلام آباد پولیس ناصر رضوی کی قیادت میں فوری رسپانس اور فیلڈ کوآرڈینیشن کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی نگرانی میں ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی اور موقع پر کنٹرول کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں