کراچی: پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق کے حالیہ انٹرویو میں کیے گئے الزامات کے بعد عماد وسیم کی بہن اور نئی اہلیہ نائلہ راجہ نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ثانیہ اشفاق نے حالیہ انٹرویو میں اپنی سابق ازدواجی زندگی اور سسرال سے متعلق مختلف دعوے کیے تھے۔ انہوں نے سسرال میں نامناسب رویے اور حمل کے خاتمے سے متعلق بھی سنگین الزامات عائد کیے۔
ثانیہ کے بیانات پر عماد وسیم کی بہن نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں خاندان کے بارے میں مزید بات کرنے سے گریز کرنے کا کہا اور خبردار کیا کہ بیانات کا سلسلہ جاری رہا تو قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب عماد وسیم کی نئی اہلیہ نائلہ راجہ نے بھی ثانیہ اشفاق کے دعووں کی تردید کی اور بالخصوص اس الزام کو مسترد کیا کہ ان کی اس سے قبل تین شادیاں ہوچکی ہیں۔
بعد ازاں ثانیہ اشفاق نے بھی عماد وسیم کی بہن اور نائلہ راجہ کے بیانات کا جواب دیتے ہوئے اپنا مؤقف برقرار رکھا۔











