پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں شاندار واپسی؛ یوروبانڈ کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے

اسلام آباد: پاکستان نے ساڑھے 5 سالہ اور 10 سالہ یوروبانڈ کے ذریعے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ساڑھے 5 سالہ یوروبانڈ سے 1.75 ارب ڈالر جبکہ 10 سالہ یوروبانڈ سے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے گئے۔ دونوں بانڈز پر بالترتیب 7.50 اور 7.90 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یوروبانڈ کے اجرا سے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی مضبوط ہوئی ہے اور عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت پاکستانی معیشت پر اعتماد کی بحالی کا اشارہ ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق 3 ارب ڈالر کا یوروبانڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بانڈ ٹرانزیکشن ہے۔ اپریل 2025 سے پاکستان کی ریٹنگ میں 3 مرتبہ بہتری آئی جبکہ بانڈ کی آرڈر بک حجم سے دوگنا رہی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ یوروبانڈ اجرا 3 سالہ درمیانی مدت کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد بیرونی فنانسنگ میں میچورٹیز بڑھانا اور رول اوور رسک کم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں