یوم فضائیہ آج منایا جارہا ہے، صدر اور وزیر اعظم کا ایئر فورس کے شاہینوں کو خراج تحسین

اسلام آباد:پاکستان بھر میں آج 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1965 کی پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

یومِ فضائیہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری کا مظاہرہ کیا اور ملک کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر 1965 میں شاہینوں نے فضائی حدود کے دفاع کے لیے بے مثال جرأت کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 7 ستمبر 1965 پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے۔ انہوں نے ایم ایم عالم کی بہادری کو پاک فوجی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا۔

یومِ فضائیہ کے موقع پر ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں