اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی قائم کردہ کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت کے نئے بلدیاتی نظام کے لیے 27 رکنی اسمبلی بنانے اور منتخب چیف ایگزیکٹو کے لیے وزیراعلیٰ یا میئر کا عہدہ رکھنے کی تجاویز پیش کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ اسمبلی کے 21 ارکان براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب ہوں گے جبکہ خواتین کے لیے 5 مخصوص اور اقلیتوں کے لیے ایک نشست مختص کرنے کی تجویز ہے۔
مجوزہ نظام کے تحت اسلام آباد کا منتخب چیف ایگزیکٹو اسمبلی کے سامنے جواب دہ ہوگا جبکہ صحت تعلیم ماحولیات اور شہری سہولیات سمیت 27 انتظامی محکمے مقامی حکومت کے ماتحت ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون و امن اور اسلام آباد کی ماسٹر پلاننگ وفاق کے پاس رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ سی ڈی اے سمیت مختلف اداروں کے اختیارات بھی ازسرنو ترتیب دیے جائیں گے۔
اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری اسمبلی کے انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت کرانے اور ارکان پر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔











