ممبئی:بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے مقبول رئیلٹی شو بگ باس 20 کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے جبکہ گرینڈ پریمیئر کے لیے ان کا پہلا انداز بھی سامنے آگیا ہے۔
سیٹ سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں سلمان خان کاؤ بوائے ہیٹ ہاف جیکٹ ٹی شرٹ اور جینز میں اپنے روایتی دبنگ انداز میں دکھائی دیے۔ اداکار نے سیٹ پر تصاویر کے لیے پوز بھی دیے اور پاپارازی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
دوسری جانب بگ باس 20 کے نئے گھر کی جھلکیاں بھی جاری کردی گئی ہیں۔ گھر کا ڈیزائن جدید اور تصوراتی انداز پر مبنی ہے جبکہ سجاوٹ ایلس ان ونڈر لینڈ سے متاثر دکھائی دیتی ہے۔ گھر میں شارک تھیم والا سوئمنگ پول دیوہیکل گلابی چائے دانی کی شکل کا صوفہ گرم ہوا کے غبارے کی طرز پر بیٹھنے کی جگہ اور دو خفیہ کمرے شامل ہیں۔
نئے گھر میں شرکاء کی نگرانی کے لیے 104 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو چوبیس گھنٹے سرگرمیوں کو ریکارڈ کریں گے۔
شو کے ممکنہ شرکاء میں ٹی وی اداکاروں رئیلٹی شو شخصیات سوشل میڈیا کریئیٹرز اور علاقائی شوبز ستاروں کے نام شامل ہیں تاہم مکمل فہرست کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
بگ باس 20 کا گرینڈ پریمیئر 6 ستمبر 2026 کو ہوگا اور سلمان خان ایک مرتبہ پھر شو کی میزبانی کریں گے۔











