کراچی:پاکستانی کرکٹر حسن علی کی اہلیہ سامعہ خان کی پراسرار سوشل میڈیا پوسٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے اور حسن علی کے مبینہ افیئر سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
سامعہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں ان خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا جو مبینہ طور پر بچوں والے شادی شدہ مردوں سے مالی فائدے یا مستقبل میں شادی کی امید پر تعلق قائم کرتی ہیں۔
معاملہ اس وقت مزید توجہ کا مرکز بنا جب سامعہ خان کی جانب سے حسن علی کے ساتھ موجود بعض تصاویر مبینہ طور پر سوشل میڈیا سے ہٹانے اور شوہر کو انسٹاگرام پر اَن فالو کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں تاہم بعد میں انہوں نے حسن علی کو دوبارہ فالو کرلیا۔ بعد ازاں سامعہ نے متعلقہ اسٹوریز بھی ڈیلیٹ کردیں۔
حسن علی اور سامعہ خان کی شادی کو تقریباً پانچ برس ہوچکے ہیں اور دونوں تین بچوں کے والدین ہیں۔ چند روز قبل ہی خاندان کی مری اور نتھیا گلی میں تعطیلات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں۔
سامعہ کی پوسٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہا ہے۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اگر شادی شدہ مرد کسی دوسری خاتون سے تعلق قائم کرتا ہے تو ذمہ داری صرف خاتون پر عائد نہیں ہوتی بلکہ شوہر بھی برابر کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
تاہم حسن علی یا سامعہ خان کی جانب سے کسی مبینہ بے وفائی یا افیئر کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔











