اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کی کال کے خلاف درخواست پر فریقین سے 10 ستمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے معاملے کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر نے شہری وقاص احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے معاملے کو آئینی بحران سے تشبیہ دیتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان سے معاونت طلب کرلی۔
عدالت نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد ڈی سی اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا احتجاج میں وزیراعلیٰ کے ساتھ سرکاری مشینری بھی شامل ہوگی۔ وکیل نے جواب دیا کہ سرکاری مشینری کے استعمال کا خدشہ ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ کا 21 نومبر 2024 کا خط بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔ لارجر بینچ میں چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف شامل ہیں۔
لارجر بینچ 10 ستمبر کو پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گا۔











