اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تقاضوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ نافذ العمل ہے اور پاکستان معاہدے کی ذمہ داریوں کے مطابق کردار ادا کرے گا تاہم فی الحال پاکستان اور کسی فریق کے درمیان اس حوالے سے کسی نئی تجویز پر بات چیت نہیں ہو رہی۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ دفاعی معاہدہ بھی موجود ہے جبکہ دونوں ممالک ترکیہ کے ساتھ مکہ معاہدے کا حصہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق مکہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے جس کا مقصد ڈیٹرنس کے ذریعے خطے کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ پاکستان ترکیہ اور سعودی عرب معاہدے کے تحت باقاعدگی سے ملاقاتیں اور مختلف سطحوں پر مشاورت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تینوں بانی ممالک پہلے اپنے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔ بعد ازاں مکہ معاہدہ ان ممالک کے لیے کھولا جا سکتا ہے جو یکساں مؤقف اور ضروریات رکھتے ہوں تاہم فی الحال معاہدے میں توسیع زیر غور نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ تینوں ممالک اس وقت معاہدے کی جزئیات طے کر رہے ہیں اور بنیادی نکات طے ہونے کے بعد ہی اس کی توسیع سے متعلق بات ہوگی۔











