اسلام آباد:چین کی معروف مک بانگ انفلوئنسر چن زیئی المعروف ینگ ینگ صرف 24 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
اہل خانہ نے 4 ستمبر کو ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ینگ ینگ 17 اگست کو دنیا سے رخصت ہو گئی تھیں تاہم موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔
ینگ ینگ کے سوشل میڈیا پر 10 لاکھ سے زائد فالوورز تھے اور وہ مک بانگ ویڈیوز اور لائیو اسٹریمز میں بڑی مقدار میں کھانا کھانے کے باعث مشہور تھیں۔ انہوں نے خود بتایا تھا کہ زیادہ کھانے سے لائیو اسٹریم کی کارکردگی بہتر ہونے کے باعث ان پر مسلسل کھانے کا دباؤ رہتا تھا۔
انتقال سے تین روز قبل 14 اگست کو شیئر کی گئی آخری ویڈیو میں ینگ ینگ نے بتایا تھا کہ خون میں پوٹاشیم کی شدید کمی کے باعث انہیں اسپتال داخل ہونا پڑا اور ان کا پوٹاشیم لیول 2.3 mmol/L تک گر گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ پوٹاشیم کی شدید کمی کا سامنا ہو چکا تھا اور پیسہ کمانا اہم ہے لیکن صحت ہمیشہ پہلے آنی چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق ینگ ینگ نے ایک لائیو اسٹریم میں 60 سے 70 محفوظ کیے گئے انڈے کھانے کا دعویٰ بھی کیا تھا تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
شدید پوٹاشیم کی کمی دل کی دھڑکن میں خطرناک بے ترتیبی سمیت سنگین طبی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ بعض رپورٹس میں ینگ ینگ کی موت کو طویل عرصے سے جاری پوٹاشیم کی کمی کے بعد دل بند ہونے سے جوڑا گیا ہے تاہم اہل خانہ یا کسی سرکاری طبی ذریعے نے موت کی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔
ان کی اچانک موت کے بعد مک بانگ میں انتہائی مقدار میں کھانے اور اس کے ممکنہ صحت کے خطرات پر سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔











