اسلام آباد۔ذیابیطس میں خون میں گلوکوز کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور اس کی وجہ صرف زیادہ میٹھا کھانا نہیں۔ ٹائپ 2 ذیابیطس کی ابتدائی علامات بعض اوقات معمولی ہوتی ہیں جنہیں لوگ نظر انداز کردیتے ہیں۔
ذیابیطس کی ممکنہ علامات میں مسلسل تھکاوٹ اور بار بار بھوک لگنا شامل ہیں۔ اسی طرح بار بار پیشاب آنا اور زیادہ پیاس لگنا بھی خون میں شوگر بڑھنے کی علامت ہوسکتی ہے۔
منہ کا خشک رہنا اور جلد میں خارش کے ساتھ پیروں یا ٹانگوں میں مسلسل درد بھی توجہ طلب علامات ہوسکتی ہیں۔ بغیر کسی واضح وجہ کے تیزی سے وزن کم ہونا بھی ذیابیطس کی جانب اشارہ کرسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان میں سے کسی ایک علامت کی موجودگی سے ذیابیطس کی حتمی تشخیص نہیں ہوتی۔ شک کی صورت میں خون کے ٹیسٹ اور ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔











