پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ عالمی حالات نہیں بلکہ حکومتی نااہلی ہے، شاہد آفریدی

اسلام آباد:قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ملک میں پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صرف عالمی حالات کا نتیجہ نہیں بلکہ حکومتی نااہلی بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے اہداف پورے نہ ہونے کا بوجھ بھی غریب عوام پر ڈال دیا جاتا ہے اور پیٹرول پر بھاری ٹیکس عائد کرکے رقم وصول کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل بنا دیا ہے۔ حکومت عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے کیونکہ لوگ پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ پانچ روز کے دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے 13 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے سے زائد اضافہ ہوچکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں