اسلام آباد:ایک نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے افراد میں ڈپریشن اور خودکشی کے خیالات کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔
جنوبی کوریا میں ہونے والی تحقیق میں 27 ہزار بالغ افراد کے ذہنی صحت سے متعلق ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جن میں 846 افراد وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کر رہے تھے۔
تحقیق کے مطابق ادویات استعمال کرنے والے افراد میں ڈپریشن کا امکان 93 فیصد جبکہ خودکشی کے خیالات رپورٹ کرنے کا امکان 168 فیصد زیادہ پایا گیا۔
محققین کے مطابق تقریباً ایک دہائی تک جی ایل پی-1 ادویات استعمال کرنے والے افراد کے جائزے میں یہ بھی سامنے آیا کہ دوا کے استعمال کے بعد وزن دوبارہ بڑھنے کی صورت میں ذہنی صحت سے متعلق مسائل کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
محققین نے کہا کہ وزن کم کرنے والی ادویات کے استعمال اور ذہنی صحت کے مسائل کے درمیان تعلق کو مزید سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔











