پشاور:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔











