ہم اسلام آباد ضرور آئیں گے مگر احتجاج پرامن ہوگا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ انصاف نہ ملنے اور مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں احتجاج سے کیسے روکا جاسکتا ہے۔ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ضرور ہوگا تاہم احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ مفاہمت اور مذاکرات کا راستہ کھلا رکھا ہے۔ قیادت اور پارلیمانی پارٹی کی سطح پر ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں اور معاملات کو بہتری کی طرف لے جانے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہو اور ملاقاتوں و علاج کے معاملات بھی حل نہ کیے جائیں تو حالات کیسے بہتر ہوں گے۔ ریاست سنجیدہ ہے تو عملی اقدامات کرے اور پی ٹی آئی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ان شاء اللہ ضرور ہوگا۔ ہم اسلام آباد آئیں گے تاہم احتجاج پرامن رہے گا۔ اسلام آباد میں داخلے کے بعد بھی پرامن ماحول برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے رابطوں اور مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا۔ جب تک انصاف نہیں ملتا اور بنیادی مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوتی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں