جماعت اسلامی کا وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان

ملتان:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر لانگ مارچ عارضی طور پر ملتان میں روکنے کا اعلان کردیا۔

پریس کانفرنس میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے فون پر لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی اور پاکستان واپسی پر ملاقات کرکے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فیصلے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی احتجاج اور لانگ مارچ سے دستبردار نہیں ہوئی۔ وزیراعظم کی واپسی تک کارکن میدان میں موجود رہیں گے جبکہ لانگ مارچ کا پڑاؤ ملتان میں برقرار رہے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں تحریری یقین دہانی لی جائے گی اور حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرنے سمیت عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کی۔ دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کی پاکستان واپسی کے بعد ملاقات اور مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں