واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے انہیں بتایا کہ دبئی سے اسرائیل جانے والی اماراتی پرواز کا کوپائلٹ ممکنہ طور پر دہشتگرد تھا۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطے میں پرواز کے واقعے پر تفصیلی بات ہوئی۔ ان کے مطابق ایک اسرائیلی پلمبر نے کوپائلٹ کو قابو کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ مذکورہ شخص نے کبھی طیارہ نہیں اڑایا تھا تاہم صورتحال کے دوران اس نے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے میں مدد کی اور ممکنہ حادثے سے پرواز کو بچایا۔
بعد ازاں طیارے کے پچھلے حصے میں موجود اضافی پائلٹس اور سکیورٹی اہلکار کاک پٹ تک پہنچے اور جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ واقعے سے متعلق یہ تفصیلات انہیں نیتن یاہو نے بتائی ہیں اور وہ خود اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے کہ واقعے کی پوری تفصیل درست ہے یا نہیں۔











