واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سپر انٹیلی جنس کی دوڑ میں کامیابی حاصل کرنے والا ملک دنیا پر حکمرانی کرے گا جبکہ امریکا اس معاملے میں چین سے بہت آگے ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس نے وسط مدتی انتخابات جیتے تو امریکا میں مہنگائی کا طوفان آسکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی معیشت تباہ ہوچکی ہے اور اس کی قیادت اقتدار کے حصول کے لیے آپس میں لڑ رہی ہے۔
ٹرمپ نے تیسرے ملک میں ڈی پورٹیشن سے متعلق عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کی ملک بدری کے لیے عدالتی جنگ جاری رکھی جائے گی۔
امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مسافر طیارے کے معاملے پر ہونے والی گفتگو کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اسرائیل جانے والے طیارے کو بہادری سے تباہی سے بچایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ چینی صدر سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر بھی بات ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے کیلیفورنیا کے انتخابی نظام کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپر انٹیلی جنس کے معاملے میں امریکا چین سے بہت آگے ہے اور اس دوڑ میں کامیاب ہونے والا دنیا پر راج کرے گا۔











