میکسیکو کی نیشنل گارڈ نے 13 ماہ کے چیہواہوا کتے کمانڈو کو اپنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے جو اپنے چھوٹے قد کے باوجود سرچ اینڈ ریسکیو کی تربیت حاصل کر رہا ہے۔
کمانڈو کا قد صرف 21 سینٹی میٹر اور وزن تقریباً 7 کلوگرام ہے۔ اسے چھ ماہ قبل ریاست چیہواہوا میں ایک ریسکیو سینٹر سے اپنایا گیا تھا جہاں اسے ایک معمر جوڑے نے چھوڑا تھا جو اس کی مزید دیکھ بھال نہیں کرسکتے تھے۔
کمانڈو کو اس کے سائز کے مطابق ٹیکٹیکل جیکٹ اور حفاظتی چشمے پہنائے جاتے ہیں جبکہ سر پر چھوٹا کیمرا بھی نصب کیا جاتا ہے۔ میکسیکو سٹی میں تربیتی سیشن کے دوران اس نے سیڑھیاں چڑھنے اور رکاوٹیں عبور کرنے کی مشق بھی کی۔
نیشنل گارڈ کے مطابق کمانڈو کی شمولیت کا مقصد سرچ اینڈ ریسکیو تربیت کے ساتھ عوام اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان دوستانہ رابطے کو فروغ دینا بھی ہے۔











