راولپنڈی: نوجوان بیٹر معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی سرزمین پر سب سے بڑا مجموعہ بنا دیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہ اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری سے صرف 4 رنز دور رہ گئے۔
معاذ نے کپتان صاحبزادہ فرحان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ ان کے 7 چھکے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کے ریکارڈ کے برابر ہیں۔
پاکستان نے اس سے قبل اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 208 رنز 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں بنائے تھے۔ قومی ٹیم کا مجموعی طور پر سب سے بڑا اسکور 232 رنز ہے جو اس نے 2021 میں انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں بنایا تھا۔
معاذ صداقت نے اپنے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ وہ ڈیبیو میچ میں بھی نصف سنچری بنا چکے ہیں۔











