اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے پشاور اور ایبٹ آباد میں شیڈول میچز دوسرے شہروں میں منتقل کردیے ہیں۔
حکومت کی جانب سے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کے اعلان کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں شیڈول میچز معمول کے مطابق جاری رہیں گے جبکہ چھٹے راؤنڈ کا آغاز پیر سے ہوگا۔
پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں غنی اور حیدرآباد کنگز مین اکیڈمی کے درمیان 14 اکتوبر سے شروع ہونے والا میچ شیخوپورہ کی رانا نوید اکیڈمی منتقل کردیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور او جی ڈی سی ایل کے درمیان میچ اب لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کے میچز 19 اکتوبر سے شروع ہوں گے جبکہ مارخور آئی ٹی سلوشنز اور پاکستان ٹیلی ویژن کا میچ بھی لاہور میں ہوگا۔
پوائنٹس ٹیبل پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان 84 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور غنی 70 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ لیگ مرحلے کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل کھیلیں گی جس کے مقام کا اعلان ہونا باقی ہے۔











