پشاور: خیبرپختونخوا میں جعلی رجسٹریشن اور غیر قانونی تقرریوں کے الزامات پر 30 ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا جبکہ سیدو شریف اسپتال میں 6 افغان ڈاکٹروں کو ہاؤس جاب کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مراسلے کی روشنی میں 6 افغان ڈاکٹروں کو فوری طور پر ہاسٹل خالی کرنے اور پاکستان چھوڑنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے 30 ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ڈاکٹروں کی وضاحتوں, پیش کردہ شواہد اور انکوائری رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کی گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق تمام متعلقہ ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے اور ذاتی سماعت کا موقع دینے کے بعد برطرفی کا فیصلہ کیا گیا۔ برطرف کیے گئے ڈاکٹروں سے سرکاری واجبات بھی وصول کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ان ڈاکٹروں پر پی ایم ڈی سی کی جعلی رجسٹریشن اور غیر قانونی تقرریوں کے الزامات تھے۔ یہ ڈاکٹرز صوبے کے مختلف طبی مراکز میں تعینات تھے۔











