سہ ملکی سیریز: پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دیدی

راولپنڈی: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے پون رتھنائیکے نے 79 اور جنیتھ لیاناگے نے 60 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کوشل مینڈس نے 44 اور داسن شناکا نے 28 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرز نے حریف ٹیم کو ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان نے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 305 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا نے 107 رنز اسکور کیے جبکہ بابر اعظم نے 45، سعد بیگ نے 39 اور حسن نواز نے 37 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 7، فخر زمان 16 اور عرفات منہاس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے ایشان ملنگا نے 4 جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

سلو اوور ریٹ کے باعث سری لنکن ٹیم کو آخری دو اوورز میں باؤنڈری پر صرف چار فیلڈرز رکھنے کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس میچ میں سعد بیگ نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں