زیورخ: عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے 2027 سے 2030 تک دنیا بھر میں فٹبال کے فروغ کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کردیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پاکستان سمیت فیفا کے 211 رکن ممالک کو فی کس ڈھائی کروڑ ڈالر تک اضافی فنڈز فراہم کیے جا سکیں گے۔
مجوزہ منصوبے کی حتمی منظوری مارچ 2027 میں فیفا کانگریس سے مشروط ہے جبکہ فیفا کونسل دسمبر 2026 کے اجلاس میں اس کی تفصیلات طے کرے گی۔ فنڈز میں اضافے کا مقصد خواتین اور نوجوانوں کے فٹبال کو فروغ دینا اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کے ذخائر برقرار رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبے میں ہونے والی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی اور بتایا کہ یہ منصوبہ مستقل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق فیفا کے فنڈز تمام 211 رکن ممالک کی ملکیت ہیں اور گزشتہ 10 برسوں میں فی ملک فنڈنگ 10 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب فیفا کونسل نے تنظیمی اصلاحات, فیفا پیس پرائز اور کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان معاملات پر مزید پیش رفت دسمبر کے اجلاس میں متوقع ہے۔











