راولپنڈی: پاکستان کے اوپنر فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 100 چھکے مکمل کرکے تاریخی اعزاز اپنے نام کرلیا۔ وہ مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
36 سالہ فخر زمان نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکن فاسٹ بولر بنورا فرنینڈو کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر چھکا لگا کر 100 چھکے مکمل کیے۔ میچ سے قبل وہ 99 چھکے لگا چکے تھے اور انہیں اس اعزاز کے لیے صرف ایک چھکے کی ضرورت تھی۔
تاہم فخر زمان کی خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور وہ 12 رنز بنا کر ایشان ملنگا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب کوشال مینڈس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔











