اسلام آباد: پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی کرکٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ سیریز کا آغاز اتوار کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا۔
سیریز میں مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے جن میں 3 راولپنڈی اور فائنل سمیت 4 میچز لاہور میں ہوں گے۔ تمام میچز دوپہر ایک بجے شروع ہوں گے۔
قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم کا ہدف سیریز جیتنا ہے اور اس کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ سیریز ورلڈ کپ کے اسکواڈ کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے بابر اعظم کو ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور سلمان علی آغا کی کارکردگی کو سراہا۔
سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ٹی 20 سیریز سے ٹیم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور کوئی ٹیم فیورٹ نہیں۔ ان کے مطابق بہتر کھیلنے والی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔
انگلش کپتان ہیری بروک نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کو چیلنجنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت نے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں بہت مدد دی۔ انہوں نے ورلڈ کپ سے قبل زیادہ میچز کھیلنے کو بھی اہم قرار دیا۔











