بھارت نے اگر پاکستان کا پانی روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائےگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا اور پاکستان پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دے گا۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور سفارتی تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

مذاکرات میں اگلے دو سال کے دوران دوطرفہ تجارت ایک کروڑ 34 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ پاکستان مالدیپ کے طلبہ کے لیے سالانہ 20 اضافی انڈرگریجویٹ اسکالرشپس دے گا جبکہ غذائی اشیا، ادویات، سیاحت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

پاکستان اگلے 12 ماہ میں مالدیپ کو ایک لاکھ زیتون کے پودے اور ایک لاکھ بیج فراہم کرے گا جبکہ نرسریوں کے قیام میں تعاون کے ذریعے تین سال میں 10 لاکھ پودے تیار کرنے میں مدد دے گا۔

وزیراعظم نے فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا۔ مالدیپ کے صدر کا یہ 11 سال میں کسی مالدیپی صدر کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں