اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے کا حکم دیتے ہوئے انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پولنگ 20 دسمبر 2026 کو ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کے دوران کہا کہ آئین کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت نیا بلدیاتی قانون اور ضروری قواعد فراہم نہیں کرسکی۔
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 30 اکتوبر سے جاری ہوں گے اور 2 سے 6 نومبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری اور انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔ پولنگ کے نتائج 21 سے 24 دسمبر تک جاری ہوں گے۔











