اسلام آباد: پاکستان نے زیادہ شرح سود کے باعث انٹرنیشنل ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کی 49 کروڑ ڈالر کے تجارتی قرض کی پیشکش مسترد کردی۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق قرض پر تقریباً 8 فیصد لاگت آ رہی تھی جبکہ حکومت اسے 6 فیصد شرح پر حاصل کرنا چاہتی تھی۔ وزارت خزانہ نے اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ آئی ٹی ایف سی یا کسی دوسرے ذریعے سے کم شرح پر قرض حاصل کرنے کے امکانات تلاش کیے جائیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2026-27 میں پاکستان کی مجموعی مالیاتی ضروریات 28 ہزار 647 ارب روپے رہنے کا تخمینہ ہے جو جی ڈی پی کے تقریباً 20 فیصد کے برابر ہے۔ ان ضروریات میں مالیاتی خسارہ اور ملکی و بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں شامل ہیں۔











