اسلام آباد :نمائندہ خصوصی: رانا حسن
پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین سٹوئینسکو نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور ’میٹ دی پریس‘ پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر این پی سی کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی اور سینئر صحافیوں نے معزز مہمان کا پرخلوص استقبال کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ڈاکٹر ڈین سٹوئینسکو نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے سفارتی تعلقات چھ دہائیوں پر محیط ہیں، جنہیں اب مضبوط اقتصادی، دفاعی، تعلیمی اور آئی ٹی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رومانیہ پاکستانی ہنرمند افرادی قوت، ورکرز اور طلبہ کے لیے قانونی ویزا پروسیسنگ کو تیز بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے تاکہ غیر قانونی ایجنٹوں کے استحصال کا سدِ باب ہو سکے۔ سفیر نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم 156 ملین ڈالر ہے جسے مزید بڑھانے کے لیے پورٹ آف کانسٹانتا اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان معاہدے سمیت کئی عملی پیش رفت ہوئی ہیں۔ انہوں نے آئی ٹی، سائبر سیکیورٹی، زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور دفاعی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ قبل ازیں سفیر نے این پی سی لان میں یادگاری پودا بھی لگایا۔











