اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تہران میں کوئی دفاعی معاہدہ نہیں ہو رہا تھا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر خطے میں امن کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تہران میں ان کی موجودگی ضروری نہیں تھی۔ ان کے بقول فیلڈ مارشل نے پاک بھارت جنگ کے بعد امن کے قیام اور سفارتی محاذ پر اہم کردار ادا کیا۔
خواجہ آصف نے جے یو آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ماضی میں حکومتوں کا حصہ رہے اور 10 سال کشمیر کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی اختلافات اور ذاتی مفادات کے بجائے ملکی ترقی اور سلامتی کو ترجیح دینی چاہیے۔
وزیر دفاع کی تقریر کے دوران جے یو آئی ارکان نے احتجاج کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایسے معاملات پر بھی اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے جن میں قومی اتحاد کا مظاہرہ ممکن ہے۔











