ہانگ کانگ سکسز: بھارت نے جینٹل مین گیم کو ایک بار پھر سیاست زدہ کردیا

ہانگ کانگ:ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے روایتی مصافحہ نہیں کیا تاہم پاکستانی ٹیم نے میدان میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

مونگ کوک کے مشن روڈ گراؤنڈ میں ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا لیکن بھارتی کپتان کرونال پانڈیا اور عباس آفریدی نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔

یہ واقعہ 2025 کے ایشیا کپ کی یاد تازہ کرگیا جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی ٹاس کے موقع پر مصافحہ نہیں کیا تھا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے۔ ششانک سنگھ نے 11 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے۔

جواب میں عباس آفریدی نے کرونال پانڈیا کے پہلے ہی اوور میں 5 چھکے لگا کر 31 رنز حاصل کیے۔ پاکستان نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔

عباس آفریدی نے 8 گیندوں پر 35 جبکہ خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 41 رنز بنا کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں