وزیراعلیٰ پنجاب کا دیہی خواتین کے روزگار کے لیے بڑا منصوبہ، رجسٹریشن شروع

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہی خواتین کو ہنرمند بنانے اور روزگار فراہم کرنے کے لیے ’’شی تھریڈ‘‘ پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کے تحت خواتین کو مفت ٹیکسٹائل ٹریننگ کے ساتھ ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 1150 خواتین کو تربیت دی جائے گی جبکہ جون تک 2500 دیہی خواتین کی ٹریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تین ماہ کے کورس میں انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اور اپیرل سپروائزر کی تربیت شامل ہوگی۔

محکمہ وویمن ڈویلپمنٹ کے مطابق لاہور میں رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ ملتان روڈ پر شاہکام انڈسٹری میں کلاس روم اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ کورس مکمل کرنے والی خواتین کو ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔

پروگرام کے لیے 18 سے 45 سال عمر کی پنجاب کی رہائشی خواتین درخواست دے سکتی ہیں۔ امیدواروں کے لیے میٹرک کی تعلیم اور پنجاب کا ڈومیسائل لازمی ہے۔ رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ساتھ شاہکام انڈسٹریز میں درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق پروگرام کا مقصد دیہی خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھا کر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں