اسلام آباد: آئی ایم ایف نے ٹیکس وصولیوں میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شارٹ فال پورا کرنے کے لیے ہنگامی ٹیکس اقدامات کی تجویز دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اکتوبر میں 129 ارب روپے جبکہ چار ماہ کے دوران 96 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال پر آئی ایم ایف نے تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے نے سالانہ 15 ہزار 264 ارب روپے کا ٹیکس وصولی ہدف پورا کرنے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے پر زور دیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹیکس شارٹ فال میں مزید اضافے کی صورت میں عوام پر نئے ٹیکس عائد کرنے یا سرکاری اخراجات میں کٹوتی کا آپشن زیر غور آسکتا ہے۔ آئندہ اقتصادی جائزوں میں ٹیکس وصولی سے متعلق شرائط مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے ریٹیل، ہول سیل اور زرعی شعبے سمیت ٹیکس نیٹ سے باہر تمام شعبوں کو ٹیکس دائرے میں لانے اور وفاقی و صوبائی سطح پر جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی بڑھانے کی تجویز بھی دی ہے۔











