خیبرپختونخوا میں تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریاں روکنے کے احکامات معطل

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے سہیل آفریدی سمیت دیگر افراد کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کی 12 اکتوبر یا اس کے بعد کی کارروائیاں معطل کردی ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت خیبرپختونخوا میں شہری انتظامیہ کی معاونت کے لیے مسلح افواج تعینات ہیں لہٰذا آرٹیکل 199 کے تحت پشاور ہائی کورٹ کی متعلقہ کارروائیاں معطل رہیں گی۔

چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کے عبوری احکامات کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

عدالت نے اٹارنی جنرل اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ آرٹیکل 245 کے تحت ہائی کورٹ کے اختیارات سے متعلق قانونی نکات تفصیلی غور کے متقاضی ہیں۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو سات روز میں ان علاقوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جہاں شہری انتظامیہ کی معاونت کے لیے فوج کی موجودگی مزید ضروری نہیں۔ سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں