لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستمبر 2026 کے دورہ لندن کے اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی گئی۔
اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص محمود نے تحریک جمع کرائی جس میں سرکاری جہاز کے استعمال اور سفری اخراجات کی تفصیلات ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تحریک کے متن کے مطابق 17 ستمبر 2026 کو سفری اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کرائے گئے۔ رقم بینک آف پنجاب کے چیک کے ذریعے عمر عباس کی وساطت سے جمع ہوئی تاہم رقم جمع کرانے والے اکاؤنٹ اور اکاؤنٹ ہولڈر کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
تحریک میں وزیراعلیٰ کی ڈکلیئرڈ آمدن کے مطابق دورے کے اخراجات برداشت کرنے کی صلاحیت پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔ متن کے مطابق سرکاری جہاز سے متعلق حکومتی جوابات میں تضاد پایا جاتا ہے۔
تحریک میں مزید کہا گیا ہے کہ جہاز چلانے کے لیے دو غیر ملکی پائلٹس تعینات کیے گئے ہیں جن کی مجموعی ماہانہ تنخواہ تقریباً 70 ہزار ڈالر ہے۔
وقاص محمود نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری وسائل کے استعمال اور قومی خزانے سے متعلق تمام تفصیلات ایوان میں زیر بحث لائی جائیں۔











