بیرسٹر سلمان صفدر کا جیل میں ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی سے متعلق پہلا بڑا انکشاف

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر کا بیان حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا گیا۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں جمع کرائے گئے بیان حلفی کے مطابق سلمان صفدر نے بتایا کہ 2 نومبر کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے تقریباً 40 منٹ ملاقات ہوئی۔

سلمان صفدر کے مطابق بشریٰ بی بی نے گہرے سیاہ چشمے پہن رکھے تھے۔ چشمہ اتارنے پر وہ شدید پریشانی میں دکھائی دیں اور بتایا کہ وہ سورج کی روشنی اور مصنوعی روشنی برداشت نہیں کر سکتیں جبکہ بغیر چشمے کے آنکھیں بھی نہیں کھول سکتیں۔

بیان حلفی میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی شدید متاثر محسوس ہوئی جبکہ بانی پی ٹی آئی بھی ان کی خراب ہوتی بینائی پر پریشان دکھائی دیے۔

سلمان صفدر کے مطابق بشریٰ بی بی نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کو میچیور کیٹریکٹ قرار دیا ہے اور 15 نومبر کے قریب آنکھوں کا ایک اور آپریشن متوقع ہے۔

بیان حلفی میں مزید کہا گیا کہ بشریٰ بی بی نے جیل میں صفائی اور علاج کے معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ذاتی ڈاکٹروں سے معائنہ اور علاج کرانے کی درخواست کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں