بال ٹیمپرنگ تنازعہ: عثمان خواجہ کے آسٹریلوی ٹیم سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات

سڈنی: آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پوری آسٹریلوی ٹیم گیند سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے سے آگاہ تھی۔

عثمان خواجہ کے مطابق کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل گکیبرہا ٹیسٹ میں بھی بال ٹیمپرنگ کی گئی تھی۔ انہوں نے یہ انکشافات اپنی خودنوشت سوانح عمری ’صبر‘ میں کیے ہیں جو منگل کو شائع ہوگی۔

اخبارات کو انٹرویو میں خواجہ نے کہا کہ اس واقعے میں صرف اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ ہی نہیں بلکہ پوری ٹیم شامل تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے تھے کہ تمام کھلاڑی اجتماعی ذمہ داری قبول کریں کیونکہ ٹیم کو معلوم تھا کہ گیند کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کے دوران ان کا بیان تک نہیں لیا گیا حالانکہ وہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ ڈریسنگ روم میں بیٹھتے تھے۔ انہیں یقین تھا کہ پوچھ گچھ کی جاتی تو وہ حقیقت بیان کرتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں