امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی بحری طاقت میں مزید اضافہ کردیا۔ جوہری توانائی سے چلنے والا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ سینٹرل کمانڈ کے آپریشنل علاقے میں پہنچ گیا جس کے بعد خطے میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے 3 اسٹرائیک گروپس تعینات ہوگئے۔
امریکی عہدیدار نے برطانوی اخبار کو روزویلٹ کی آمد کی تصدیق کی ہے جبکہ نیویارک ٹائمز نے بھی اس کی آمد سے متعلق رپورٹ دی تھی۔
روزویلٹ کی آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ایران نے بحرین میں امریکی ہیلی کاپٹر اڈے کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پانچ بحری جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق بھارتی بحری حکام نے خلیج میں ایک آئل ٹینکر پر حملے کی اطلاع دی ہے جس کا عملہ محفوظ رہا۔











