اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کو ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے جو اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ امن و استحکام سے رہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان حکام بامعنی پیش رفت کے لیے پڑوسی ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات دور کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کو خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے۔ اس کی بنیاد خودمختار مساوات، عدم مداخلت، باہمی احترام اور تعاون کے اصولوں پر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، اقتصادی دباؤ اور ٹیکنالوجی میں تیزی سے تبدیلیوں کے باعث علاقائی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر ٹرانسپورٹ راہداریوں، آسان سرحدی طریقہ کار اور طے شدہ انتظامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں اجلاس شروع ہوگیا ہے جس میں اقتصادی تعاون کے لیے ای سی او کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری دی جائے گی جبکہ اسلام آباد اعلامیہ بھی حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں ای سی او وژن 2025 کی جگہ اسٹریٹجک اہداف 2035 کو نیا فریم ورک بنانے کی تجویز پر غور ہوگا۔ اس کے علاوہ ای سی او سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد ایم خان کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ اور تنظیم کے 2027 کے بجٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔











